اسلام آباد،8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نوازشریف اور امام کعبہ شیخ صالح بن محمد طالب کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف اور پاکستان کے دورے پر آئے امام کعبہ شیخ صالح بن محمد طالب کی ملاقات ہوئی جس میں سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبد العزیز بن محمد ال شیخ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے ان کی پاکستان آمد کو باعث برکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی عوام ایک دوسرے کو اخترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دونوں ممالک کی اسلامی و ثقافتی اقدار مشترکہ ہیں۔
وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اسلام امن ، محبت، صبر و تحمل اور اخترام انسانیت کا درس دیتا ہے تاہم اسلام کا پیغام پوری دنیامیں پھیلانے کی ضرورت ہے۔’’پاکستان اور سعودی عوام کے دل اکھٹے دھڑکتے ہیں ‘‘۔وزیر اعظم پاکستان نے سعودی مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی عوام سعودیہ سے مذہبی اور روحانی طور پر منسلک ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔پاکستان،سعودی عرب اسلامی و ثقافتی اعتبار سے قریب ہیں۔